پاکستان اسپورٹس بورڈ کا صدر ہاکی فیڈریشن طارق بگٹی کو شوکاز نوٹس

لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر طارق بگٹی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 روز میں اہم سوالات کے تسلی بخش جوابات دینے کی ہدایت کی ہے، بصورت دیگر معاملہ وزیراعظم کو بھیجنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

شوکاز نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اپنی تقرری سے اب تک ہونے والی بے ضابطگیوں کی وجہ سے طارق بگٹی ایک ناکام صدر ثابت ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے انہیں ایڈہاک بنیادوں پر پی ایچ ایف کا صدر نامزد کیا تھا، اور ان کا بنیادی کام پی ایس بی کے قوانین کے تحت آزادانہ و منصفانہ انتخابات کرانا تھا۔ تاہم ڈیڑھ سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں کی گئی۔

پی ایس بی کے مطابق طارق بگٹی کو صدر کی حیثیت سے فیڈریشن کے معاملات چلانے کیلئےاب تک 119.667 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں، لیکن ہاکی فیڈریشن مطلوبہ تصدیق شدہ بینک اسٹیٹمنٹس فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ جمع کرایا گیا واحد آڈٹ اسٹیٹمنٹ بھی دعوؤں سے متصادم اور ناقابلِ قبول قرار دیا گیا۔

مزید کہا گیا کہ پی ایچ ایف نے ایک غیر مجاز بینک اکاؤنٹ آپریٹ کیا، جس پر 30 جنوری 2025 کو پی ایس بی کی باضابطہ انکوائری رپورٹ بھی طارق بگٹی کو دی گئی، مگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ کھلاڑیوں کے بیومیہ الاؤنسز کے مطالبات کے باوجود گرانٹ کے استعمال کی شفاف تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

پی ایس بی نے پی ایچ ایف سے تمام آپریشنل اکاؤنٹس کے بینک اسٹیٹمنٹ، اور صدر و سیکرٹری جنرل کے گزشتہ 6 ماہ کے غیر ملکی دوروں کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں