ٹرینیڈاڈ (سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ میچ آج تاروبا، ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بجے شروع ہوگا۔
دونوں ٹیموں نے میچ سے قبل بھرپور پریکٹس سیشنز میں حصہ لیا۔ پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں اسپنر ابرار احمد اور نوجوان بولر سفیان مقیم ٹرمپ کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ سیریز میزبان ٹیم کے لیے ورلڈ کپ 2027 میں براہ راست کوالیفائی کرنے کی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہے۔ خیال رہے کہ 2023 کے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز پہلی بار تاریخ میں کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔
پاکستان اسکواڈ میں بابر اعظم، عبداللّٰہ شفیق اور نسیم شاہ کی واپسی ہوئی ہے جبکہ کپتانی محمد رضوان کے سپرد کی گئی ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے فلوریڈا میں کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز دو-ایک سے جیتی تھی۔

