پاکستان: ریکوڈک منصوبے کیلئےامریکی بینک ایک ارب 25 کروڑ ڈالر قرض دیگا

اسلام آباد(نامہ نگار+رائٹرز‘)امریکی ایکسپورٹ-امپورٹ (ایگزم) بینک نے پاکستان میں ریکوڈک منصوبے کے لیے ایک ارب 25 کروڑ ڈالر قرض دینے کا اعلان کر دیا ہے۔خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایگزم بینک کے سربراہ جان یووانووچ نے کہا کہ یہ قرض ایک بڑے منصوبے کا حصہ ہے، جس کے تحت امریکا 100 ارب ڈالر لگا کر اہم معدنیات، جوہری توانائی اور گیس کی سپلائی کو اپنے ملک اور اتحادی ممالک کے لیے مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

انہوں نے فنانشل ٹائمز کو بتایا کہ پہلے مرحلے میں پاکستان، مصر اور یورپ میں مختلف منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ یووانووچ نے کہا کہ مغربی ممالک ان ذرائع پر بہت زیادہ بھروسہ کر رہے تھے جو اب ان کے لیے مناسب یا قابل اعتماد نہیں رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک اہم خام مال کی بنیادی سپلائی چین محفوظ، مستحکم اور فعال نہ ہو، ہم وہ سب کچھ حاصل نہیں کر سکتے جس کی کوشش کر رہے ہیں۔

چیئرمین کے مطابق بینک کے پاس کانگریس کی جانب سے مجاز کردہ 135 ارب ڈالر میں سے 100 ارب ڈالر اب بھی خرچ کرنے کے لیے باقی ہیں۔ ابتدائی معاہدوں میں نیویارک کی کمیوڈٹیز گروپ ہارٹری پارٹنرز کی جانب سے مصر کو فراہم کی جانے والی 4 ارب ڈالر کی قدرتی گیس کے لیے کریڈٹ انشورنس گارنٹی بھی شامل ہوگی۔
ایگزم بینک نے اس حوالے سے مزید تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔