پاکستان کی بیٹی مارشل آرٹسٹ فاطمہ نسیم کا نیا عالمی ریکارڈ

کراچی (بیورورپورٹ) پاکستان کی باصلاحیت اور کم عمر مارشل آرٹس کھلاڑی فاطمہ نسیم نے ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر سبز ہلالی پرچم بلند کرتے ہوئے اپنا چھٹا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔12 سالہ فاطمہ نے ہاتھوں میں انڈے پکڑ کر صرف 60 سیکنڈ میں 302 فل ایکسٹینشن پنچز لگا کر عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ اس دوران انڈے سلامت رہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے ای میل کے ذریعے ان کی کامیابی کی تصدیق کر دی ہے۔

فاطمہ نسیم نے یہ کارنامہ اس وقت انجام دیا جب انہوں نے انتہائی مہارت سے اپنے ہاتھوں میں انڈے پکڑے ہوئے ایک منٹ کے اندر 302 فل ایکسٹینشن مکے مارے — اور وہ بھی انڈے توڑے بغیر۔ ان کے اس ریکارڈ نے دنیا کو حیران کر دیا اور پاکستان کو فخر کا موقع فراہم کیا۔

اس منفرد کارکردگی پر گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے باقاعدہ ای میل کے ذریعے تصدیق کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا کہ فاطمہ نسیم نے کم از کم 250 مکے مارنے کا ہدف عبور کرتے ہوئے نیا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

یہ فاطمہ کا چھٹا گنیز ورلڈ ریکارڈ ہے۔ وہ اس سے قبل بھی کئی عالمی اعزازات اپنے نام کر چکی ہیں۔ محض 8 برس کی عمر میں انہوں نے بھارتی کھلاڑی کا “دونوں ہاتھوں سے ایلبو اسٹرائیک” کا ریکارڈ توڑ کر ایک منٹ میں 272 ضربیں لگا کر پہلا گنیز ریکارڈ حاصل کیا تھا۔

فاطمہ نسیم کی یہ شاندار کامیابی پاکستان میں نہ صرف خواتین بلکہ نوجوانوں کیلئے بھی ایک روشن مثال ہے۔ ان کی محنت، عزم اور صلاحیتوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں