کراچی: سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول تیار ہوچکا ہے۔’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول تیار ہوچکا ہے بس اعلان کرنے کی دیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سیمی فائنل دبئی اور ایک پاکستان میں ہوگا۔باسط علی کے مطابق اگر بھارت سیمی فائنل میں نہیں گیا تو دونوں سیمی فائنل بھی پاکستان میں ہوسکتے ہیں۔واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا چیمپئن پاکستان ہے، میزبان بھی پاکستان ہے لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی کے سبب سب پریشان ہیں۔
میگا ایونٹ کا شیڈول جاری نہ ہونے پر براڈ کاسٹرز کا صبر بھی جواب دینے لگا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ہائبرڈ ماڈل کی تجویز پر بی سی سی آئی نے حامی بھری لیکن وہ تحریری معاہدے سے پیچھے ہٹ رہا ہے۔
علاوہ ازیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کو چیمپئنز ٹرافی معاملے پراعتماد میں لیا، وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی کےاصولی مؤقف کوسراہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا تھا کہ آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوگی، فیصلہ آئی سی سی ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے غیر رسمی اجلاس میں کیا گیا ہے۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ منظور شدہ ماڈل کے تحت بھارت چیمپئنز ٹرافی دبئی میں کھیلے گا۔
پاکستان بھی 2027 تک بھارت میں شیڈول ایونٹ کھیلنے نہیں جائے گا، پاکستان بھی بھارت کی میزبانی والے ایونٹس نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا۔پی سی بی نے گزشتہ ہفتے پارٹںر شپ یا فیوژن کے نام سے نیا فارمولا پیش کیا تھا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ برس 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈول ہے اور پاکستان اس ٹورنامنٹ کا میزبان ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔