لاہور( نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کل ہونے والا ضمنی الیکشن نہیں بلکہ ایک ریفرنڈم تھا اور پنجاب و خیبرپختونخوا نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔
وزرا اور سیکریٹریز کے اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ خوشی ہے مصنوعی طور پر پیدا کیا گیا جھوٹا بیانیہ پاش پاش ہوگیا، جھوٹے بیانیے نے ملک کو تنزلی کی طرف دھکیلا، پرفارمنس سے بہتر کوئی بیانیہ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام نے (ن) لیگ کے حق میں فیصلہ دیا، یہ ضمنی انتخاب نہیں بلکہ ایک ریفرنڈم تھا۔ مریم نواز نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کو تاریخی کامیابی ملی، 2024 میں ہاری ہوئی نشستیں دوبارہ جیتی گئیں، الیکشن بیانیوں سے نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر جیتا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمراندراز ججز نہ ہونے سے الیکشن میں اصل حقیقت کھل کر سامنے آگئی، الیکشن کا بائیکاٹ صرف ہار کے خوف سے کیا جاتا ہے، بائیکاٹ کے باوجود پی ٹی آئی نے امیدوار کھڑے کیے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ قیدی نمبر 804 کی تصویر کے ساتھ انتخابی مہم چلائی گئی، مسلم لیگ (ن) پر بھی مشکل وقت آیا لیکن ہم نے بائیکاٹ نہیں کیا، ہم نے جیل کاٹی لیکن انتخاب سے بھاگے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹ ایک حد تک بولا جا سکتا ہے، اس کے بعد بیانیہ ختم ہو جاتا ہے، الیکشن میں تحریک انصاف کے دعوے زمین بوس ہوگئے، خیبرپختونخوا میں کرپشن کے ڈھیر لگ گئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج پنجاب کے ہر شہر میں گرین بسیں چل رہی ہیں، صوبے کے کونے کونے میں صفائی ستھرائی کا کام جاری ہے، ہسپتالوں میں مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں، خیبرپختونخوا سے لوگ علاج کے لیے پنجاب آتے ہیں۔

