گریٹر مانچسٹر (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 24 سالہ قومی کرکٹر حیدر علی کو معطل کر دیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق حیدر علی انگلینڈ کی گریٹر مانچسٹر پولیس کی ایک مجرمانہ تحقیقات میں شامل ہیں جو حالیہ دورۂ انگلینڈ کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے سے متعلق ہے۔
پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسے حیدر علی کے خلاف برطانیہ میں جاری ایک تحقیقات سے آگاہ کیا گیا ہے، جو پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم کے دورۂ انگلینڈ کے دوران پیش آئے ایک مبینہ واقعے سے متعلق ہے۔ شاہینز ٹیم پاکستان کی انٹرنیشنل بی ٹیم کے طور پر جانی جاتی ہے۔
پی سی بی نے واضح کیا کہ وہ برطانیہ کے قانونی عمل اور ضابطوں کا مکمل احترام کرتا ہے اور یہ تسلیم کرتا ہے کہ تحقیقات کو اپنا مکمل قانونی راستہ اختیار کرنا چاہیے۔اسی تناظر میں، پی سی بی نے فوری طور پر حیدر علی کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو جاری تحقیقات کے نتائج سامنے آنے تک برقرار رہے گا۔
ترجمان کے مطابق، حیدر علی کو مناسب قانونی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ پی سی بی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل ہونے اور تمام حقائق سامنے آنے کے بعد، اگر ضروری ہوا، تو ضابطۂ اخلاق کے تحت مزید کارروائی کی جائے گی۔
حیدر علی 2020 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کے آغاز سے اب تک پاکستان کی جانب سے دو ون ڈے اور 35 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔گریٹر مانچسٹر پولیس کی جانب سے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

