گلگت: لیلیٰ پیک سر کرنے کی کوشش کے دوران جرمن کوہ پیما لورا ڈاہلمائر ہلاک

گلگت( نمائندہ خصوصی)گلگت بلتستان کے علاقے ہوشے ویلی میں واقع لیلیٰ پیک کو سر کرنے کے دوران جرمن خاتون کوہ پیما، 31 سالہ لورا ڈاہلمائر، لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہو گئیں۔ ان کی ساتھی کوہ پیما کروس مرینہ ایوا کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللّٰہ فراق نے تصدیق کی ہے کہ مشہور جرمن کوہ پیما لورا ڈاہلمائر لیلیٰ پیک پر چڑھائی کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ، “کوہ پیماؤں کی ریسکیو ٹیم جب میت نیچے لائے گی تو ہمیں اطلاع دی جائیگی اور اگر ٹیم مدد طلب کرے گی تو ہیلی کاپٹر بھی روانہ کیا جائے گا۔”

28 جولائی کو دو جرمن خواتین کوہ پیما لیلیٰ پیک (6096میٹر بلند چوٹی) سر کرنے کی مہم پر روانہ ہوئیں تھیں۔ راستے میں اچانک لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ ریسکیو مشن میں کروس مرینہ ایوا کو رسی کے ذریعے بحفاظت نیچے لایا گیا جبکہ لورا پتھروں کی زد میں آ کر جانبر نہ ہو سکیں۔

31 سالہ لورا ڈاہلمائر نہ صرف ایک تجربہ کار کوہ پیما تھیں بلکہ وہ دنیا کی معروف بائیاتھلون ایتھلیٹ بھی رہی ہیں۔ انہوں نے 2018 کے پیونگ چانگ سرمائی اولمپکس میں دو طلائی تمغے جیتے اور اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر سات عالمی چیمپئن شپ ٹائٹل حاصل کیے۔

یہ واقعہ نہ صرف گلگت بلتستان کی خطرناک مگر پُرکشش چوٹیوں کی یاددہانی ہے بلکہ عالمی سطح پر کوہ پیمائی کے دوران درپیش چیلنجز کی شدت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ حکام میت کی بازیابی کیلئےریسکیو ٹیم سے رابطے میں ہیں، جبکہ جرمن حکام اور سفارتخانے کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں