یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام جشن آزادی سائیکل ریس کا انعقاد

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے اور یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا

بہت جلد باکسنگ ایرینا، بیس بال سٹیڈیم اور سکواش کمپلیکس کا تحفہ دینے جا رہے ہیں: صوبائی وزیر کھیل

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام منعقدہ آزادی سائیکل ریس میں شرکت کی اور سائیکلسٹ کے ساتھ خود بھی سائیکل چلائی، جس سے شرکاء کا جوش و خروش مزید بڑھ گیا۔ صوبائی وزیر نے یونیک ہیڈ آفس میں چئیر مین یونیک گروپ عبدالمنان خرم اور دیگر کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، نوجوانوں کیلئے جدید سپورٹس انفرا اسٹرکچر کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں 100 ملٹی پرپز اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے گئے ہیں، سائوتھ ایشیاء کا پہلا بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم قائم کیا گیا ہے، جبکہ جلد ہی باکسنگ ایرینا اور سکوائش کمپلیکس کی خوشخبری بھی دی جائے گی۔ مزید برآں پاکستان کا پہلا بیس بال گراؤنڈ بھی پنجاب میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے کھیلوں کے فروغ کیلئےخصوصی بجٹ فراہم کیا ہے اور سائیکل ٹریک کیلےویلیو ڈروم کو جلد دوبارہ فعال کیا جائیگا۔

چیئرمین یونیک گروپ عبدالمَنان خرم نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ماحول دوست اقدامات قابل تحسین ہیں جبکہ موٹر سائیکل کیلئے علیحدہ ٹریک نظم و ضبط کی مثال بن رہا ہے۔ آج کی آزادی ریس نے جشنِ آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے تاہم پنجاب حکومت کی طرف سے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدانوں میں لانا ایک احسن اقدام ہے کیونکہ جن ممالک کے کھیلوں کے میدان آباد رہتے ہیں ان کے ہسپتال ہمیشہ ویران رہتے ہیں ۔

تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیے اور شرکاء کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔ تقریب میں ایم پی اے خالد کھوکھر، یونیک گروپ کے چیئرمین عبدالمَنان خرم، پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شہزادہ بٹ، پروفیسرز، والدین اور طلباء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں