اونٹاریو(اشرف خان لودھی سے)اونٹاریو کی آڈیٹر جنرل کی تازہ رپورٹ کے مطابق صوبائی حکومت نے گزشتہ مالی سال میں ٹیکس دہندگان کے پیسے سے اشتہاری مہمات پر ریکارڈ 112 ملین ڈالر خرچ کیے، جن میں سے 38 فیصد ایسی مہمات تھیں جن کا مقصد حکومتی کارکردگی کے بارے میں عوام میں مثبت تاثر پیدا کرنا تھا۔
یہ اخراجات صوبائی انتخابات سے قبل کیے گئے۔آڈیٹر جنرل شیلی اسپینس نے کہا کہ حکومت کی کئی مہنگی اشتہاری مہمات جیسے “اِٹس ہیپننگ ہیئر” اور ہائی ویز و انفراسٹرکچر مہمات میں کیے گئے دعوؤں کے شواہد پیش نہیں کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق ان اشتہارات کا مقصد عوام کو معلومات دینا نہیں بلکہ حکومتی تشہیر تھا۔
اپوزیشن جماعتوں، بالخصوص این ڈی پی نے ان اشتہاری مہمات کو ٹیکس دہندگان کے پیسے سے پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ معاشی مشکلات کے دور میں ایسی مہمات حکومتی ترجیحات پر سوال اٹھاتی ہیں۔آڈیٹر جنرل نے تجویز دی ہے کہ انتخابی و حکومتی اشتہارات سے متعلق سابق قوانین دوبارہ نافذ کیے جائیں تاکہ عوامی ٹیکس کا غلط استعمال نہ ہو۔

