کیلگری (نامہ نگار) کیلگری میں 2026 سے بالغ افراد کےایک دفعہ استعمال ہونے والے کرایے میں اضافہ کیا جا رہا ہے، جو موجودہ 80.03 ڈالرسے بڑھ کر4 ڈالرہو جائیگا۔ یہ اضافہ سٹی کونسل کی تازہ ترین بجٹ ترامیم کا حصہ ہے، جس کا مقصد جائیداد پر لگنے والے ٹیکس کے بوجھ کو کم کرنا بتایا گیا ہے۔اگرچہ سٹی حکام کا کہنا ہے کہ اضافہ ضروری ہے لیکن کئی مسافر سوال کر رہے ہیں کہ کیا سروس اور سیکیورٹی میں بہتری اس اضافی قیمت کا جواز فراہم کرے گی یا نہیں۔
ٹرانزٹ کی باقاعدہ صارف ٹریسا گونزالیز گومیز کا کہنا ہے کہ نمایاں تبدیلیوں کے بغیر اضافہ قبول کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا’’مجھے یہ پسند نہیں۔ میں اسے استعمال کرتی ہوں۔ عام طور پر میں چل کر جانا پسند کرتی ہوں، لیکن سردیوں میں یہ ممکن نہیں ہوتا۔ اگر وہ قیمت بڑھائیں اور سروس بہتر ہو جائے تو ٹھیک ہے، ورنہ پھر خوشی نہیں ہوگی۔‘‘دوسری جانب شیلا ناورڈی جیسے بعض لوگ بڑھتی ہوئی مجموعی لاگت کو حقیقت کے طور پر قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا’’جب تک کم آمدنی والے افراد کے لیے ٹرانزٹ پاس جیسی سہولتیں موجود ہیں، تب تک ٹھیک ہے، کیونکہ ہم ایسے دور میں رہ رہے ہیں جہاں ہر چیز کی قیمت بڑھ رہی ہے۔‘‘
کرایوں میں یہ اضافہ صرف سنگل یوز ٹکٹ تک محدود نہیں۔ بالغوں اور نوجوانوں کے ماہانہ پاس، ٹکٹ بکس، کم آمدنی والوں کے پاس، سینئرز پاس، اور حتیٰ کہ ریزروڈ پارکنگ فیس بھی بڑھا دی جائے گی۔کیلگری ٹرانزٹ رائیڈرز نامی ایڈووکیسی گروپ کے چیئر الیکس ولیمز کا کہنا ہے کہ کرایوں سے حاصل ہونے والی آمدنی سسٹم کی بہتری کیلئےضروری ہے، لیکن اس بارے میں زیادہ شفافیت درکار ہے کہ یہ پیسہ کس طرح سروس میں بہتری لائے گا۔ انہوں نے کہا’’ہم بنیادی طور پر کرایوں کے خلاف نہیں ہیں، اور ہمیں خوشی ہے کہ 12 سال سے کم عمر بچوں کیلئے فری کرایہ اور فری فیئر زون برقرار ہے لیکن جب بھی ایسا بڑا اضافہ ہوتا ہے تو یہ پریشان کن ہوتا ہے، خاص طور پر جب کیلگری کے رہائشی پہلے ہی مشکلات کا شکار ہوں۔‘‘کچھ مسافروں کیلئےمسئلہ صرف کرایہ برداشت کرنا نہیں بلکہ سروس اور سیکیورٹی کا معیار بھی ہے۔ مسافر اسٹیو ڈی کے مطابق’’یہ کبھی اچھی خبر نہیں ہوتی۔ سروس خراب ہو گئی ہے۔ بس یا ٹرین میں سفر کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔‘‘

