آج کراچی سے ٹرین کے ذریعے اسلام آباد سپر لانگ مارچ شروع ہوگا:حافظ نعیم

کراچی (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی کا سپر لانگ مارچ آج کراچی سے ٹرین کے ذریعے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا۔

کراچی میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے قافلے اسلام آباد کی جانب آئیں گے۔ کراچی سے ٹرین مارچ کی صورت میں قافلہ روانہ ہوگا جبکہ دیگر علاقوں سے بھی قافلے اسلام آباد پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو لوٹنے کے لیے شوگر مافیا، آٹا مافیا، آئی پی پیز مافیا اور بینکوں کا مافیا ملا ہوا ہے، حکومت کو عوام کو حقیقی ریلیف دینا ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے مطالبے کے لیے ہے، حکومت مطالبات تسلیم کرلے تو لانگ مارچ منسوخ کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے حکومتی ٹیم سے مذاکرات کا پانچواں دور ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت اسلامی کی قیادت میں سپر لانگ مارچ آج کراچی سے شروع ہوگا۔

لیاقت بلوچ کے مطابق مذاکرات میں حکومت نے سکیورٹی صورتحال کے باعث لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کی اور جلد عوامی سطح پر غیر معمولی ریلیف دینے کی یقین دہانی کرائی، تاہم مذاکرات میں کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مطالبے پر عملی اقدام کرے، بصورت دیگر احتجاج اور لانگ مارچ جاری رہے گا۔

جماعت اسلامی کے مطابق کراچی سے روانہ ہونے والا ٹرین مارچ ملتان اور لاہور سے ہوتا ہوا 23 یا 24 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گا۔