ابوظہبی(نمائندہ خصوصی)سول عدالت نے انسٹاگرام کے ذریعے کنسرٹ کا جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والے شخص کو 900 درہم خریدار کو واپس کرنے اور 5 ہزار درہم جرمانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
گلف نیوز کے مطابق خریدار نے انسٹاگرام پر ٹکٹ کا اشتہار دیکھ کر اسے درست سمجھتے ہوئے واٹس ایپ کے ذریعے بیچنے والے سے رابطہ کیا اور 900 درہم منتقل کر دیے۔ کنسرٹ کے مقام پر پہنچنے پر عملے نے ٹکٹ کو جعلی قرار دیا جس کے بعد خریدار نے فوجداری شکایت درج کرائی۔
عدالت نے مدعا علیہ کو فوجداری کیس میں غیر حاضری میں مجرم قرار دیتے ہوئے 5 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا۔ بعد ازاں خریدار نے سول عدالت میں 900 درہم کی واپسی اور 9 ہزار 100 درہم ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا۔
سول عدالت نے فیصلہ دیا کہ مدعا علیہ 900 درہم واپس کرے، جبکہ اضافی ہرجانہ منظور نہیں کیا گیا۔ پہلے سے عائد 5 ہزار درہم کا جرمانہ برقرار رکھا گیا ہے۔

