اسحاق ڈار کی فرانسیسی وزیر خارجہ سے ملاقات، تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

نیویارک(نامہ نگار)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر فرانسیسی وزیر برائے یورپ و خارجہ امور ژاں نوئل باروٹ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور فرانس کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے سیاسی روابط، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیمی روابط اور عوامی سطح پر رابطوں کے ذریعے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

نائب وزیراعظم نے اسرائیلی بستیوں سے درآمدات محدود کرنے کے فرانس کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے دو ریاستی حل کے لیے فرانس کی کوششوں کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ فلسطین عالمی ایجنڈے میں بدستور ترجیحی حیثیت رکھے اور منصفانہ، پائیدار اور جامع حل کے لیے عالمی کوششیں جاری رہیں۔

ملاقات میں ایران کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور سفارتی رابطے جاری رکھنے کے ساتھ علاقائی سطح پر بحران کے حل کے لیے کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

دونوں جانب سے سمندری ٹریفک کی محفوظ اور بلا تعطل روانی اور توانائی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

فرانسیسی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کیلئےپاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے علاقائی چیلنجز کے حل اور مکالمے کے فروغ کیلئےعلاقائی فورمز سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔