اقوامِ متحدہ : فلسطین سے اسرائیلی افواج کے انخلا کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور

نیویارک ( اقوامِ متحدہ) اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے منگل کو فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی افواج کے انخلا کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی۔قرارداد فلسطین کے پرامن حل کے لیے پیش کی گئی، جس کے حق میں 151 ممالک نے ووٹ دیا، 11 نے مخالفت کی اور 11 ممالک ووٹنگ سے غیر حاضر رہے۔

قرارداد میں مشرقِ وسطیٰ امن عمل کے اہم معاملات پر قابلِ اعتماد مذاکرات فوری شروع کرنے اور ماسکو میں بین الاقوامی امن کانفرنس بلانے پر زور دیا گیا۔ جنرل اسمبلی نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرے، غیر قانونی قبضہ ختم کرے، نئی آبادکاری روکے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے تمام یہودی آبادکار نکالے۔

قرارداد میں غزہ میں کسی بھی قسم کی آبادیاتی یا جغرافیائی تبدیلی کو مسترد کیا گیا اور غزہ و مغربی کنارے کو فلسطینی اتھارٹی کے تحت متحد کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اس کے علاوہ اسرائیل سے 1967 سے قبضے میں لیے گئے تمام فلسطینی علاقوں سے انخلا کرنے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ فلسطینی عوام اپنے حقِ خود ارادیت کا استعمال کر سکیں۔

بحث کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ اسامہ افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی جدوجہدِ آزادی، خود مختاری، امن اور انصاف کے مطالبے کی مکمل حمایت کرتا ہے اور غزہ میں سیزفائر، انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی اور فوری تعمیر نو کو ناگزیر قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں جبری تبدیلی، تقسیم، الحاق یا بے دخلی قابلِ قبول نہیں اور صرف 1967 کی سرحدوں پر ایک خودمختار، مکمل، آزاد اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام سے پائیدار امن ممکن ہے، جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔