امریکا شرائط مان لے تو آبنائے ہرمز 48 گھنٹوں میں کھول دینگے: عباس عراقچی

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا ایران کی شرائط تسلیم کرلے تو آبنائے ہرمز 2 روز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت کیلئے کھول دی جائیگی۔

اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ تنظیم کے رکن ممالک نے ایران کی دو روزہ تجویز کی حمایت کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس سے خطے میں جاری جنگ کے مکمل خاتمے کی راہ ہموار ہوگی۔

ایرانی تجویز کے تحت امریکا کو ایران کی بندرگاہوں پر عائد بحری ناکہ بندی ختم کرنا، تمام محاذوں پر جنگ بند کرنا اور بیرون ملک منجمد ایرانی اثاثے بحال کرنا ہوں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان شرائط پر عمل درآمد کی صورت میں 48 گھنٹوں کے اندر آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی آمدورفت بحال کی جاسکتی ہے۔ یہ تجویز قطر کے ذریعے امریکا تک پہنچائی گئی ہے۔