واشنگٹن (عالمی خبر ایجنسیاں) ایران پر ممکنہ جنگ مسلط کرنے کے خلاف امریکا کے مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے۔واشنگٹن، نیویارک اور کیلی فورنیا میں بڑی تعداد میں لوگوں نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے خلاف مظاہرے کیے۔
عالمی خبر ایجنسی کے مطابق مظاہرین نے “ایران پر بمباری بند کرو” اور “جنگ نہیں، امن چاہیے” جیسے نعرے لگائے، جبکہ ان کے ہاتھوں میں ایران پر حملے کے خلاف پلے کارڈز بھی تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا جائے اور بیرونی طاقتیں ان کے داخلی معاملات میں مداخلت بند کریں۔
دوسری جانب سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی حالات کے پیش نظر اب وہ وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان کا سربراہی اجلاس بلایا جائے۔روسی وزیر خارجہ کے مطابق ولادیمیر پوتن نے پہلے ہی اس اجلاس کی تجویز پیش کی تھی تاکہ بڑھتی ہوئی عالمی کشیدگی کے حل کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی تیار کی جا سکے۔

