شکاگو (اے پی) امریکی فضائی کمپنی یونائیٹڈ ایئرلائنز کا تکنیکی نظام اچانک متاثر ہونے کے باعث 16 نومبر کو ملک بھر میں روانہ ہونے والی پروازوں میں تاخیر ہوئی۔ کمپنی نے تقریباً ایک گھنٹہ 40 منٹ تک جاری رہنے والی خرابی کے بعد مسئلہ حل کرلیا۔
ایئرلائن کے مطابق تکنیکی خرابی کے باعث روانہ ہونے والی پروازوں کا نظام متاثر ہوا، تاہم فضا میں موجود طیاروں اور یونائیٹڈ ایکسپریس کی علاقائی پروازوں پر اس کا اثر نہیں پڑا۔
امریکی میڈیا کے مطابق پائلٹس کو طیاروں کے وزن اور توازن سے متعلق حتمی معلومات فراہم کرنے والے نظام میں خرابی کا سامنا تھا، جس کے باعث محفوظ پرواز کے لیے روانگی روکنا پڑی۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق اس دوران یونائیٹڈ ایئرلائنز کی سیکڑوں پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، تاہم تمام تاخیر کی وجہ یہی تکنیکی خرابی ہونا واضح نہیں۔
یہ واقعہ امریکا میں جمعے کو پیش آنے والے ملک گیر فضائی تعطل کے چند روز بعد پیش آیا تھا، جس کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ اور لاکھوں مسافروں کے سفری منصوبے متاثر ہوئے۔

