امریکی ریاست نیو جرسی میں گھر سے 3 معمر افراد کی لاشیں برآمد، موت کی وجوہات معمہ بن گئیں

ماؤنٹ ہولی (سی بی ایس نیوز) امریکی ریاست نیو جرسی کے علاقے ماؤنٹ ہولی میں ایک گھر سے 3 معمر افراد کی لاشیں پراسرار حالت میں برآمد ہوئیں، واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ حکام نے تاحال اموات کی وجہ ظاہر نہیں کی۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ جمعہ 6 نومبر کی سہ پہر پیش آیا۔ ایک ڈاکیے نے گھر کے مرکزی دروازے پر ایک تحریری پیغام دیکھا، جس میں ہنگامی مدد کے لیے 911 پر فون کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ اس اطلاع پر پولیس کو طلب کیا گیا۔

پولیس اہلکار جب ونڈنگ وے کے علاقے میں واقع گھر میں داخل ہوئے تو انہیں 3 معمر افراد مردہ حالت میں ملے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 2 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں، تاہم ان کی شناخت اہلِ خانہ کو اطلاع دینے تک ظاہر نہیں کی گئی۔

برلنگٹن کاؤنٹی کے پراسیکیوٹر آفس کے مطابق تینوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا تاکہ اموات کی وجوہات اور دیگر حقائق معلوم کیے جاسکیں۔ واقعے کی تحقیقات کاؤنٹی پراسیکیوٹر آفس اور ماؤنٹ ہولی پولیس مشترکہ طور پر کررہی ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق علاقے کے دیگر رہائشیوں کو کوئی خطرہ لاحق نہیں اور واقعے کے سلسلے میں عوامی تحفظ کو فوری خطرہ درپیش نہیں۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ تینوں افراد کی موت کن حالات میں ہوئی اور آیا اس میں کسی جرم کا عنصر شامل ہے یا نہیں۔