امیتابھ بچن کی طبیعت ناساز، ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی شوٹنگ ایک ہفتے کیلئے روک دی گئی

ممبئی (آئی اے این ایس) بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث مقبول ٹیلی ویژن پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی شوٹنگ ایک ہفتے کے لیے روک دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن گزشتہ کچھ عرصے سے ناسازیٔ طبیعت کا شکار ہیں، جس کے باعث پروگرام کی نئی اقساط کی ریکارڈنگ عارضی طور پر ملتوی کردی گئی ہے۔

اس دوران ٹی وی چینل نے نئی اقساط کے بجائے پہلے سے ریکارڈ شدہ پروگرام نشر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دیوالی کے خصوصی ہفتے کے دوران بھی پرانی اقساط دکھائی جا رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پروگرام کی آخری اہم خصوصی قسط میں اداکار رنبیر کپور، سائی پلوی اور روی دوبے شریک ہوئے تھے، جو اپنی آنے والی فلم ’رامائن‘ کی تشہیر کے لیے پروگرام میں آئے تھے۔

دوسری جانب امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں بھی معمولاتِ زندگی اور کام کی طرف بتدریج واپسی کا ذکر کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق پروگرام کی شوٹنگ آئندہ ہفتے دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے، تاہم اس کا انحصار امیتابھ بچن کی طبیعت بہتر ہونے پر ہوگا۔

اہم وضاحت: بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے شوٹنگ میں وقفے کی وجہ امیتابھ بچن کی طبیعت کے بجائے ان کی مصروفیات اور تاریخوں کی عدم دستیابی بتائی ہے، جبکہ انڈیا ٹوڈے نے اسے معمولی موسمی بیماری قرار دیا ہے۔