اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکریٹری سہیل انور کو ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں اپنی اہلیہ اور بیٹی کو آفیشل کے طور پر شامل کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سہیل انور تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں جاری 57 ویں ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ اسپورٹس فزیک چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کے ہمراہ ہیڈ کوچ اور مینجر کے طور پر شریک ہوئے، جبکہ ان کی اہلیہ جج اور بیٹی نے ٹیسٹ جج کے طور پر ایونٹ میں شرکت کی۔

ایک ہی گھر سے تین افراد کے باضابطہ عہدوں پر انٹرنیشنل ایونٹ میں شریک ہونے پر پی ایس بی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری فیڈریشن سے تین روز میں وضاحت طلب کر لی ہے۔ جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’’فیڈریشن کے سیکریٹری نے اپنی فیملی کو لے جانے میں بظاہر جانبداری اور اقربا پروری کا مظاہرہ کیا‘‘۔
سہیل انور نے پی ایس بی کی جانب سے نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ٹیم بنکاک اپنے ذاتی اخراجات پر گئی تھی اور پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اس ایونٹ کے لیے کوئی فنڈز فراہم نہیں کیے۔ ان کے مطابق، ’’میں شوکاز نوٹس کا جواب تیار کر رہا ہوں اور جلد وضاحت پیش کروں گا‘‘۔
واضح رہے کہ 57 ویں ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ اسپورٹس فزیک چیمپئن شپ 18 تا 25 اگست بنکاک، تھائی لینڈ میں منعقد ہو رہی ہے جس میں کئی ایشیائی ممالک کی ٹیمیں شریک ہیں۔

