ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے الزام میں 3 افراد کو پھانسی دے دی گئی

تہران (رائٹرز، خبر ایجنسیاں) ایران میں جنوری 2026ء کے حکومت مخالف مظاہروں کے دوران اسرائیل اور امریکا کے لیے کارروائیاں کرنے کے الزام میں 3 افراد کو سزائے موت دے دی گئی۔

ایرانی عدلیہ کے مطابق حسن دیوبند، حمید کاظمی اور رضا زنگانہ کی سزاؤں پر عمل درآمد 8 نومبر کو سپریم کورٹ سے توثیق کے بعد کیا گیا۔ تینوں افراد کو تہران کے مغرب میں واقع شہر کرج میں مظاہروں کے دوران مسلح حملوں، آتش زنی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات میں سزا سنائی گئی تھی۔

عدلیہ کا الزام تھا کہ ملزمان نے دستی بم اور آتش گیر بوتلیں استعمال کیں، آتشیں اسلحہ اور تیز دھار ہتھیاروں سے حملے کیے، سرکاری عمارتوں کو آگ لگائی اور بجلی کی تنصیب کو نقصان پہنچایا، جس سے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

ایرانی حکام کے مطابق حسن دیوبند کو 11 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ ان کے ساتھ مبینہ طور پر کام کرنے والے مزید 10 افراد بھی حراست میں لیے گئے تھے۔ مقدمے کے دیگر ملزمان کو 5 سے 10 سال تک قید کی سزائیں سنائی گئیں۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان مقدمات کی شفافیت اور عدالتی کارروائی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ ناروے میں قائم تنظیم ایران ہیومن رائٹس کے مطابق جنوری کے مظاہروں سے متعلق مقدمات میں اب تک کم از کم 39 افراد کو پھانسی دی جا چکی ہے۔