تہران (خبر ایجنسیاں) ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے خلیج فارس کے اوپر پرواز کرنے والے امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے کو میزائل سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں طیارے کو نقصان پہنچا اور پائلٹ کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
ایرانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق واقعہ جمعے کی شام پیش آیا۔ ایران کے تیار کردہ فضائی دفاعی نظام نے امریکی طیارے کی نشاندہی اور نگرانی کے بعد اس کی جانب میزائل داغا، جو طیارے کے قریب پھٹا۔ ایرانی دعوے کے مطابق پائلٹ کو اپنا مشن ختم کرکے خطے کے قریبی ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
ایرانی حکام نے تاہم اس ہوائی اڈے کا نام ظاہر نہیں کیا جہاں طیارے نے مبینہ طور پر لینڈنگ کی۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایرانی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے غلط قرار دیا ہے۔ امریکی کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے امریکی ایف 16 طیارے پر کوئی حملہ نہیں کیا اور مشرق وسطیٰ میں موجود تمام امریکی لڑاکا طیارے محفوظ ہیں اور ان کا حساب موجود ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران کی جانب سے امریکی طیاروں کو نشانہ بنانے کے اس سے پہلے بھی دعوے کیے جاتے رہے ہیں، جنہیں امریکی فوج مسترد کرتی رہی ہے۔یہ دعویٰ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز کے اطراف ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔

