نئی دہلی (اماراتی میڈیا آفس، رائٹرز، اناطولیہ نیوز ایجنسی) ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید آل نہیان کی نئی دہلی میں برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر اہم ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی صورتحال اور کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اماراتی میڈیا آفس کے مطابق شیخ خالد بن محمد بن زاید نے ملاقات کے دوران خطے میں استحکام کے لیے کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق پیش رفت پر بھی گفتگو کی۔
رائٹرز کے مطابق یہ ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد اعلیٰ ترین سطح پر ہونے والی اہم ملاقاتوں میں سے ایک ہے۔ دونوں ممالک نے برکس اجلاس میں جاری علاقائی تنازع پر تحمل اور کشیدگی کم کرنے پر زور دینے والے مشترکہ اعلامیے کی بھی حمایت کی۔
متحدہ عرب امارات نے یکم مارچ کو ہونے والے میزائل حملوں کے بعد احتجاجاً تہران سے اپنا سفارتی عملہ واپس بلا لیا تھا۔ملاقات کو ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی رابطوں کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ملاقات کے بعد کسی باقاعدہ معاہدے یا فوری فیصلے کا اعلان نہیں کیا گیا۔

