نیویارک(ایرانی میڈیا، تسنیم نیوز ایجنسی)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچ گئے۔ ایرانی خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق عباس عراقچی اتوار کو تہران سے روانہ ہوئے اور راستے میں مختصر قیام کیلئےدوحہ بھی گئے۔
ایرانی صدارتی دفتر کے مطابق صدر مسعود پزشکیان بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے کل نیویارک روانہ ہوں گے۔ ان کے دورے میں جنرل اسمبلی سے خطاب اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں شامل ہیں۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق امریکا نے صدر مسعود پزشکیان کی میڈیا ٹیم کے بعض ارکان کو ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا ہے، جس کے باعث صدر کو میڈیا ٹیم کے بغیر نیویارک کا سفر کرنا پڑ سکتا ہے۔صدارتی دفتر کے محکمہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل حبیب اللہ عباسی نے امریکی فیصلے کو دشمنانہ اقدام قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت ایرانی وفد کے بنیادی ارکان کو جنرل اسمبلی میں شرکت کیلئےویزے دینے کی منظوری دی ہے، تاہم ایرانی وفد پر نیویارک میں نقل و حرکت اور بعض اشیا کی خریداری سے متعلق پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

