ممبئی(سپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ میں پاک-بھارت ٹاکرا ایک بار پھر سب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس میچ کے دوران اشتہارات کے ریٹس آسمان کو چھو رہے ہیں اور 10 سیکنڈ کا اشتہار 16 لاکھ بھارتی روپے (تقریباً 51 لاکھ 56 ہزار پاکستانی روپے) میں فروخت ہو رہا ہے۔
ایونٹ کا آغاز 9 ستمبر کو متحدہ عرب امارات میں ہوگا، جس کا افتتاحی میچ افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے، حالانکہ سرحدی کشیدگی کے باعث ٹورنامنٹ منسوخی کے مطالبات بھی سامنے آئے تھے۔
کرکٹ کی دنیا میں پاک-بھارت مقابلے ہمیشہ ناظرین کے لیے پرجوش اور یادگار لمحات لے کر آتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس دوران برانڈز اپنی تشہیر کے لیے بڑھ چڑھ کر سرمایہ لگاتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کو-پریزینٹنگ پارٹنرشپ: 18 کروڑ بھارتی روپے،ایسوسی ایٹ پارٹنرشپ: 13 کروڑ بھارتی روپے،اشتہاری پیکیج: ساڑھے 4 کروڑ بھارتی روپے رکھے گئے ہیں.
پاکستان اور بھارت کے درمیان سنسنی خیز میچ 14 ستمبر کو دبئی میں ہوگا، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

