ایشیا کپ 2025 کیلئےبھارتی اسکواڈ کا اعلان، شبمن گل نائب کپتان مقرر

ممبئی (اسپورٹس ڈیسک) — بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشیا کپ 2025 کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین سوریا کمار یادو کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ اوپنر شبمن گل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور انہیں اکشر پٹیل کی جگہ نائب کپتان نامزد کیا گیا ہے۔

چیئرمین سلیکٹرز اجیت اگارکر نے ممبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شبمن گل نے انگلینڈ میں اپنی کارکردگی سے قیادت کی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، ایسے وقت میں جب دباؤ زیادہ تھا، انہوں نے شاندار پرفارمنس دی۔

بھارتی اسکواڈ میں ابھشیک شرما اور سنجو سیمسن کو اوپنرز کے طور پر شامل کیا گیا ہے، تاہم نائب کپتان کی حیثیت سے شبمن گل کی اوپننگ پوزیشن یقینی سمجھی جا رہی ہے۔ مڈل آرڈر میں سوریا کمار یادو، تلا ک ورما، رنکو سنگھ اور جیتیش شرما شامل ہیں۔

آل راؤنڈرز میں ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل اور شیوام دوبے کو منتخب کیا گیا ہے، جبکہ باؤلرز میں جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادو، ورن چکرورتی اور ہرشت رانا ٹیم کا حصہ ہیں۔

ٹاپ آرڈر بلے باز یشسوی جیسوال اور آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی دکھانے والے شریاس آئیر حتمی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

ایشیا کپ میں بھارت گروپ اے میں شامل ہے، جہاں اس کا پہلا میچ 10 ستمبر کو دبئی میں یو اے ای کے خلاف ہوگا۔ روایتی حریف پاکستان کے خلاف بڑا مقابلہ 14 ستمبر کو دبئی میں شیڈول ہے، جبکہ تیسرا میچ 19 ستمبر کو ابو ظہبی میں عمان کے خلاف کھیلا جائے گا۔

بھارتی اسکواڈ برائے ایشیا کپ 2025میں سوریا کمار یادو (کپتان)،شبمن گل (نائب کپتان)،ہاردک پانڈیا،ارشدیپ سنگھ،ابھشیک شرما،تلا ک ورما،شیوام دوبے،اکشر پٹیل،جیتیش شرما،جسپریت بمراہ،ورن چکرورتی،کلدیپ یادو،ہرشت رانا،رنکو سنگھ،سنجو سیمسن پرمشتمل ہے جبکہ ریزرو کھلاڑیوں میں پرسیدھ کرشنا، واشنگٹن سندر، ریان پراگ، دھروو جورل، یشسوی جیسوال شامل ہیں.

اپنا تبصرہ لکھیں