ایف بی آئی کا اہم ڈیٹا بیس ہیک ہونے کا انکشاف، مطلوب ملزمان کا ریکارڈ خطرے میں پڑگیا

واشنگٹن (رائٹرز، اے پی) امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے اہم قومی جرائم کے معلوماتی مرکز (این سی آئی سی) میں ہیکرز کی جانب سے غیر مجاز رسائی کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد ادارے نے سائبر حملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہیکرز نے ایف بی آئی کے اس اہم ڈیٹا بیس کو نشانہ بنایا، جسے امریکا بھر میں وفاقی، ریاستی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے ادارے استعمال کرتے ہیں۔ اس نظام میں مطلوب ملزمان، مفرور افراد، لاپتا شہریوں، گرفتاری کے وارنٹس، مجرمانہ ریکارڈ، چوری شدہ گاڑیوں اور دیگر اہم معلومات محفوظ ہوتی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس ڈیٹا بیس تک غیر مجاز رسائی کا پتا حالیہ دنوں میں چلا۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ہیکرز نے کون سی معلومات تک رسائی حاصل کی، آیا کوئی ڈیٹا چوری یا تبدیل کیا گیا یا نہیں اور اس سائبر حملے کے پیچھے کون ملوث ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایف بی آئی نے واقعے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے سے متعلق سوال پر کہا کہ انہیں ابھی اس بارے میں بتایا گیا ہے اور یہ اچھی خبر نہیں۔

سائبر سکیورٹی ماہرین کے مطابق اس ڈیٹا بیس میں ممکنہ مداخلت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے تشویش کا باعث ہے، کیونکہ پولیس اہلکار روزمرہ کارروائیوں، مشتبہ افراد کی شناخت اور گرفتاری کے وارنٹس کی تصدیق کے لیے اس نظام پر انحصار کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ستمبر 2026ء میں بھی ایف بی آئی کے ملازمتوں سے متعلق آن لائن پورٹل کو ہیک کیے جانے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔ اس وقت ہیکرز کے ایک گروہ نے ادارے کے موجودہ اور سابق ملازمین کی ذاتی معلومات چرانے کا دعویٰ کیا تھا، جس کی ایف بی آئی نے تحقیقات شروع کی تھیں۔

حالیہ واقعہ امریکا کے اہم سرکاری اداروں کو درپیش سائبر سکیورٹی خدشات میں اضافے کے دوران سامنے آیا ہے۔