ایل پی جی کے دو جہاز پاکستان پہنچ گئے، قیمتوں میں کمی کا امکان

کراچی (نمائندہ خصوصی) عمان سے ایل پی جی لے کر آنے والے 2 بحری جہاز پاکستان پہنچ گئے، جس کے بعد ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں جہاز مجموعی طور پر 7 ہزار 603 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر پورٹ قاسم پہنچے۔ ایس ایس جی سی کے ٹرمینل پر پریانیس نامی جہاز نے 4 ہزار 250 میٹرک ٹن جبکہ اینگرو ٹرمینل پر الیسا ون نامی جہاز نے 3 ہزار 83 میٹرک ٹن ایل پی جی اتاری۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کل سے ایران کے سرحدی راستے کے ذریعے بھی ایل پی جی کی رکی ہوئی ترسیل بحال ہونے کا امکان ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی فراہمی بہتر ہونے سے کل سے اس کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔