بانیٔ پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے کہیں اور منتقل کرنے کا امکان نہیں: جیل ذرائع

راولپنڈی (نامہ نگار)اڈیالہ جیل کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ بانیٔ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو اڈیالہ جیل سے کسی اور مقام پر منتقل کرنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل سے متعلق گردش کرنے والی تمام خبریں محض قیاس آرائیاں ہیں اور بانیٔ پی ٹی آئی بدستور اڈیالہ جیل میں موجود ہیں، جہاں ان کی مکمل دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال کے 5 رکنی ڈاکٹرز کی ٹیم نے حال ہی میں بانیٔ پی ٹی آئی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا، رپورٹ کے مطابق وہ مکمل صحت یاب ہیں۔ جیل حکام کے مطابق ان کی سیکیورٹی، خوراک اور علاج معالجے کے تمام انتظامات اطمینان بخش ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اڈیالہ جیل سے بانیٔ پی ٹی آئی کی منتقلی کے حوالے سے نہ کوئی تجویز زیرِ غور ہے اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی عملی قدم اٹھایا جا رہا ہے۔

اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ حکومت بانیٔ پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے کسی اور مقام پر منتقل کرنے پر غور کر رہی ہے۔ وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور احتجاج کے نام پر فتنہ و فساد کی کوشش کی جا رہی ہے، اسی وجہ سے حکومت اس معاملے پر غور کر رہی ہے۔

تاہم جیل ذرائع نے تمام ایسی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔