بند کمروں میں کیے گئے فیصلے عوام پر مسلط نہیں کیے جائیں گے: سہیل آفریدی

پشاور ( نمائندہ خصوصی، اے ایف پی)خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی نے صوبے میں امن کے قیام کیلئے 25 اکتوبر کو ضلع خیبر میں امن جرگہ بلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ امن کے قیام کیلئےقبائلی عمائدین، رہنماؤں اور نوجوانوں پر مشتمل ایک عظیم الشان امن جرگہ 25 اکتوبر 2025 بروز ہفتہ ضلع خیبر، تحصیل باڑہ میں منعقد کیا جائے گا، اور یہ جرگہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوگا۔

انہوں نے زور دیا کہ صوبے کے معاملات میں خیبر پختونخوا کے عوام کی خواہشات کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام خود اپنی زندگیوں اور مستقبل کا فیصلہ کرینگے کسی کو بھی بند کمروں میں کیے گئے فیصلے عوام پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت عمران خان کے نظریے اور عوام کے مفادات کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

“نئی کابینہ کا اعلان جلد متوقع”
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کی نئی کابینہ کیلئےمشاورت مکمل کر لی گئی ہے، جس کا اعلان 2 روز میں متوقع ہے۔ پہلے مرحلے میں 8 سے 10 اہم محکموں کے وزرا کا اعلان ہوگا، جبکہ باقی وزرا کے نام بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد فائنل کیے جائیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ نئی صوبائی کابینہ میں نئے اور پرانے دونوں چہرے شامل ہونگےاور اہم محکموں کے وزرا کا جلد اعلان ان محکموں کے امور کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئےکیا جائیگا۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے ملاقات کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔تاہم، اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست پر اعتراضات اٹھائے ہیں اور جسٹس ارباب محمد طاہر پیر کے روز اس درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کریں گے۔

درخواست نو منتخب وزیراعلیٰ کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل نے ایڈووکیٹ علی بخاری کے ذریعے دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ملاقات صوبائی حکومت کے امور اور نئی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت کیلئے ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں