بنگلا دیش: شیخ حسینہ کی واپسی کے اعلان پر ہنگامے، 4 افراد ہلاک، متعدد مقامات نذرِ آتش

ڈھاکا (رائٹرز، اے ایف پی) بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی بھارت سے وطن واپسی کے اعلان کے بعد ملک بھر میں سیاسی کشیدگی اور پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف شہروں میں جھڑپوں، بم دھماکوں اور آتش زنی کے واقعات میں کم از کم 4 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق شیخ حسینہ نے دسمبر میں بھارت سے بنگلا دیش واپس آنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد ان کی جماعت عوامی لیگ کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے اور ملک گیر ہڑتال کی کال دی تھی۔ حکومت کی جانب سے ان کے نئے پاسپورٹ اور شناختی دستاویزات کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا۔

مظاہرین نے مختلف علاقوں میں گاڑیوں، گھروں، دکانوں اور پولیس تھانوں کو آگ لگا دی۔ دارالحکومت ڈھاکا سمیت کم از کم 28 اضلاع میں بم دھماکوں اور آتش زنی کے درجنوں واقعات رپورٹ ہوئے۔

چٹاگانگ میں نوبیل انعام یافتہ اور سابق عبوری سربراہ حکومت ڈاکٹر محمد یونس کے آبائی گھر کو بھی آگ لگا دی گئی، تاہم پولیس نے آگ پر قابو پالیا اور اہل خانہ محفوظ رہے۔ ان کے قائم کردہ گرامین بینک کی متعدد شاخوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

حکام کے مطابق شمال مشرقی شہر سلہٹ میں نائب وزیر خارجہ ہمایوں کبیر کی رہائش گاہ پر پیٹرول بم پھینکا گیا جبکہ ڈھاکا میں وزیر ثقافتی امور نتائی رائے چوہدری کی رہائش گاہ کے باہر بھی دیسی ساختہ بم دھماکا ہوا۔

پولیس کے مطابق ضلع پیروج پور میں دو بسوں کو آگ لگائے جانے کے نتیجے میں ایک ملازم جھلس کر ہلاک ہوگیا، جبکہ ضلع گوپال گنج میں سیاسی کارکنوں کے درمیان جھڑپوں میں بھی ہلاکتیں ہوئیں۔صورتحال پر قابو پانے کیلئے حکومت نے ملک بھر میں سیکڑوں نیم فوجی اہلکار تعینات کردیے ہیں۔ دارالحکومت ڈھاکا میں بھی کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ شیخ حسینہ اگست 2024ء میں طلبہ کی تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے الگ ہونے کے بعد بھارت چلی گئی تھیں۔ گزشتہ سال نومبر میں بنگلا دیش کی عدالت نے 2024ء کی تحریک کے دوران مظاہرین کے خلاف کارروائی کے مقدمے میں انہیں غیر حاضری میں سزائے موت سنائی تھی۔ شیخ حسینہ نے الزامات مسترد کیے ہیں اور بھارت سے واپسی کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔