بھارت نے پاکستان کو ہراکر جونئیر ہاکی ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت لیا

بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر جونئیر ہاکی ایشیاکپ کا ٹائٹل جیت لیا جونئیر ٹیم میں شامل پاکستان سینئر ٹیم کے کھلاڑی بھی بھارتی ٹیم کو شکست نہ دے سکے۔

بھارت کی جانب سے ارجیت سنگھ ہونڈل نے چار گول کئے بھارت نے مسلسل دوسری بار پاکستان کو فائنل میں شکست سے دوچار کیا ہے۔

عمان میں ہونے والے جونئیر ہاکی ایشیاکپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کی جونئیر ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو سنسنی خیز و دلچسپ رہا۔

پاکستان نے میچ کے تیسرے ہی منٹ گول کرکے برتری حاصل کی، یہ گول حنان شاہد نے کیا لیکن دوسرے ہی منٹ میں بھارت نے حساب برابر کردیا۔

بھارت نے دوسرے کوارٹر میں اوپر نیچے دو گول داغ کر برتری تین ایک کردی ہاف ٹائم کے اختتام سے قبل سفیان نے خوبصورت گول کرکے مقابلہ تین دو کردیا۔

تیسرے کوارٹر میں بھارتی ٹیم گول نہ کرسکی پاکستانی گول کیپر نے کئی یقینی گول بچائے 39 ویں منٹ میں سفیان خان نے ایک اور گول کرکے مقابلہ تین تین برابر کردیا اور پاکستان میچ میں واپس آگیا۔

لیکن آخری کوارٹر میں پاکستان کو گول کرنے کے موقع ملے لیکن کامیابی نہیں ملی بھارت نے 47 ویں اور پھر 54ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ پانچ تین کردیا جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہا۔

پاکستان جونئیر ٹیم میں پاکستان سینئر ٹیم کے پانچ کھلاڑی شامل تھے سفیان خان نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 12 گول کئے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان جونئیر ہاکی ایشیاء کپ کا یہ مسلسل تیسرا فائنل تھا تینوں بار بھارت نے ٹائٹل جیتے۔

اپنا تبصرہ لکھیں