بیجنگ (غیر ملکی میڈیا)روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے چینی صدر شی جن پنگ سے بیجنگ میں اہم ملاقات کی ہے، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس ملاقات میں اسٹریٹجک تعاون، عالمی سیکیورٹی اور جاری بین الاقوامی تنازعات پر تفصیلی بات چیت کی جا رہی ہے جبکہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں دونوں ممالک کے کردار پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
اس سے پہلےچین اور روس کے وزرائے خارجہ کے درمیان بیجنگ میں اہم ملاقات ہوئی جس میں امریکا ایران تنازع، ایشیا پیسیفک کی صورتحال اور یوکرین بحران سمیت مختلف عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال شدید اتار چڑھاؤ کا شکار ہے اور یکطرفہ بالادستی کے منفی اثرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ عالمی سطح پر درپیش حالات انتہائی چیلنجنگ ہیں اور مختلف نوعیت کے دباؤ کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض ممالک روس اور چین کو محدود کرنے کیلئے چھوٹے گروہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم دونوں ممالک باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئےپرعزم ہیں۔

