بیرون ملک مقیم بزرگ شہریوں کیلئے ایسی سماجی محافل کا انعقاد ضروری ہے:خلیل احمد باجوہ

مسی ساگا(اشرف خان لودھی سے) مسی ساگا میں منعقدہ اونٹاریو سینئرز فورم سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل پاکستان ٹورنٹو خلیل احمد باجوہ نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم بزرگ شہریوں کیلئے ایسی سماجی محافل کا انعقاد ضروری ہے جہاں وہ ایک دوسرے سے مل بیٹھ سکیں اور سماجی روابط برقرار رکھ سکیں۔

خلیل احمد باجوہ نے کہا کہ گیت اور موسیقی کی اس خوبصورت شام میں تقریر جیسی سنجیدہ چیز کی زیادہ گنجائش نہیں، تاہم وہ مختصر طور پر تقریب کے منتظمین کو خوبصورت شام اور محفل کے انعقاد پر مبارکباد دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں بزرگ شہریوں کو درپیش سماجی مسائل پاکستان سے مختلف ہیں کیونکہ یہاں بیشتر خاندانوں کے افراد روزگار اور دیگر مصروفیات کے باعث زیادہ وقت گھر سے باہر گزارتے ہیں اور اپنے بزرگوں کو مطلوبہ وقت نہیں دے پاتے۔

قونصل جنرل نے کہا کہ اسی لئےضروری ہے کہ بزرگ شہریوں کیلئے اس نوعیت کی محافل اور سرگرمیاں منعقد کی جائیں، جہاں وہ مل بیٹھیں، ایک دوسرے سے گفتگو کریں اور سماجی طور پر باہم رابطے میں رہیں۔

خلیل احمد باجوہ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اونٹاریو سینئرز فورم وقتاً فوقتاً ایسی سرگرمیوں کا اہتمام کرتا رہتا ہے، جو بزرگ خواتین و حضرات کیلئے صحت مند اور مفید سماجی سرگرمیاں ہیں۔انہوں نے ایک بار پھر اونٹاریو سینئرز فورم کے منتظمین کو تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔