ہری پور (نمائندہ خصوصی) تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کے حفاظتی بند کا ایک حصہ ٹوٹنے سے پانی سرنگ اور زیر تعمیر پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا، جس کے بعد منصوبے پر تعمیراتی کام معطل کردیا گیا۔ واقعے کے فوری بعد پاکستانی اور غیر ملکی کارکنوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد کے مطابق حفاظتی بند کا حصہ گرنے سے پانی سرنگ میں داخل ہوا۔ اس دوران پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ جانے والے ایک پاکستانی کارکن کو امدادی ٹیموں نے بحفاظت بچالیا۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جبکہ اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی حفاظتی بند کو نقصان پہنچنے کے اسباب اور ممکنہ تکنیکی خرابی کا جائزہ لے گی۔
دوسری جانب واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے کی اطلاعات کو غلط قرار دیتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ واقعہ سرنگ کی کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پیش آیا، جس کے نتیجے میں ان ٹیک پٹ سے پانی سرنگ اور زیر تعمیر پاور ہاؤس میں داخل ہوا۔
واپڈا کے مطابق ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال لیا گیا ہے، جبکہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ تعمیراتی مقامات پر مزید پانی داخل نہیں ہورہا۔
واپڈا نے واضح کیا کہ منصوبے کی مرکزی سرنگ، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ تمام کارکنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اتھارٹی کے سینئر افسران، منصوبے کے انجینئرز اور ٹھیکیدار صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ منصوبے کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے آئندہ اقدامات کیے جاسکیں۔

