حوثی ملیشیا کے سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی جانب ڈرون حملے

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی فضائی حدود میں حوثی ڈرونز داخل، سعودی دفاعی نظام نے 3 ڈرون مار گرائے

ریاض (عرب نیوز، خبر ایجنسیاں) سعودی عرب کے دفاعی نظام نے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاقوں کی طرف بھیجے گئے 3 ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

سعودی عرب کی یمن میں قانونی حکومت کی حمایت کرنے والے اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے اتوار کو بتایا کہ مکہ مکرمہ کے علاقے میں 2 ڈرونز کو روک کر تباہ کیا گیا، جبکہ مدینہ منورہ کے علاقے میں بھی ایک ڈرون مار گرایا گیا۔

اس سے قبل سعودی اتحاد نے ریاض کی جانب داغے گئے حوثی ملیشیا کے 2 بیلسٹک میزائل بھی تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کے مشرقی صوبے کی جانب بھیجے گئے 3 ڈرونز کو روک لیا گیا۔

اتحاد کے مطابق ان واقعات میں کسی جانی نقصان یا املاک کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئیں۔ حوثی ملیشیا کی جانب سے بھی تازہ حملوں کے حوالے سے فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اس سے قبل حوثی ملیشیا مکہ مکرمہ کی جانب ڈرون بھیجنے کے سعودی الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔