خیبرپختونخوا کابینہ کا 9 اور 10 مئی کے مقدمات ختم کرنے کا فیصلہ

پشاور (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کابینہ نے 9 اور 10 مئی کے مقدمات ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، جس میں کابینہ نے 9 اور 10 مئی کو سیاسی انتقام کے تحت درج بغیر ثبوت کے مقدمات ختم کرنے کا فیصلہ کیا، ساتھ ہی ریڈیو پاکستان پشاور واقعہ کی انکوائری صوبائی اسمبلی کی اسپیشل کمیٹی کے سپرد کرنے کی بھی منظوری دی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے سی ٹی ڈی کے لیے 15 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کی منظوری دی اور ایکشن ان ایڈ آف سول پاورز قانون کے خاتمے سے متعلق کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کی منظوری بھی دے دی گئی۔

مزید بتایا گیا کہ صوبے میں گندم کے ذخائر، بین الصوبائی نقل و حمل اور آئندہ حکمت عملی پر کابینہ کو بریفنگ دی گئی، اضافی گندم کی خریداری کے لیے پہلے سے قائم کمیٹی کو ضرورت پڑنے پر اقدامات کا اختیار دیا گیا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کے مطابق کابینہ نے کڈنی اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے 2 مریضوں کے لیے مالی امداد کی منظوری دی جب کہ صوبے میں جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے فنڈز کی فراہمی کی منظوری بھی دے دی گئی۔