واشنگٹن (سی این این) امریکا میں ایک اور افغان شہری کو دہشت گرد تنظیم داعش خراسان کو مادی مدد فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار افغان شہری جان شاہ شافی 2021 میں آپریشن الائز ویلکم کے تحت امریکا میں داخل ہوا تھا۔
امریکی حکام کے مطابق ملزم نے افغانستان میں اپنے والد کو بھی اسلحہ فراہم کیا جو ایک ملیشیا گروپ کے کمانڈر ہیں۔ شافی نے امریکا میں عارضی تحفظ کی حیثیت (TPS) کے لیے درخواست دی تھی تاہم افغان شہریوں کے لیے TPS ختم کیے جانے کے بعد اس کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ اسے ریاست ورجینیا کے علاقے وینسبورو سے حراست میں لیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بائیڈن انتظامیہ کے دوران تقریباً ایک لاکھ 90 ہزار افغان شہری امریکا منتقل ہوئے جبکہ ٹرمپ انتظامیہ نے سابقہ دور میں افغان پناہ گزینوں کی آبادکاری پروگرام معطل کر دیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق اس گرفتاری سے چند روز قبل افغان شہری رحمن اللہ لکانوال کو وائٹ ہاؤس کے قریب دو امریکی نیشنل گارڈ اہلکاروں پر فائرنگ کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا، جب کہ ایک اور افغان شہری محمد داؤد الوکزئی پر بم بنانے اور خودکش حملہ کرنے کی دھمکی دینے کا الزام ہے۔
امریکی حکام نے کہا ہے کہ افغانستان سے آنے والے دیگر افراد پر بھی سیکیورٹی ادارے نظر رکھے ہوئے ہیں۔

