اسکردو(نامہ نگار) — الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی “کے ٹو” پر ایک افسوسناک حادثے میں چین سے تعلق رکھنے والی معروف کوہ پیما گوان جنگ جاں بحق ہوگئیں۔
گوان جنگ نے پیر کے روز کے ٹو سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا، تاہم واپسی کے دوران کیمپ ون اور ایڈوانس بیس کیمپ کے درمیان پیش آنے والے راک فال (چٹان گرنے) کے حادثے کا شکار ہو گئیں۔ یہ واقعہ گزشتہ شب پیش آیا۔
الپائن کلب کے مطابق، حادثے کے وقت گوان جنگ کے ہمراہ موجود دیگر کوہ پیما محفوظ رہے۔ پیر کے روز کے ٹو کی چوٹی مجموعی طور پر 30 کوہ پیماؤں نے سر کی تھی۔
پاکستان اور عالمی کوہ پیمائی برادری نے گوان جنگ کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور ان کی خدمات اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

