سرے (ایجنسیاں) برطانیہ کی کاؤنٹی سرے میں غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں اور منی لانڈرنگ کے خلاف پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 84 کاروباری مقامات کی جانچ پڑتال کی، جس کے دوران 19 ہزار 500 پاؤنڈ نقد رقم اور 55 ہزار 500 پاؤنڈ مالیت کا غیر قانونی سامان ضبط کر لیا گیا، جبکہ 8 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
سرے پولیس کے مطابق اکتوبر کے دوران آپریشن کے تحت کاؤنٹی بھر میں مختلف کاروباری مراکز کا معائنہ کیا گیا۔ کارروائی میں پولیس کے ساتھ علاقائی منظم جرائم کے خلاف یونٹ، محکمہ تجارت کے معیارات، سرے فائر اینڈ ریسکیو سروس اور محکمہ داخلہ کے امیگریشن حکام نے بھی حصہ لیا۔

آپریشن کے دوران غیر قانونی سگریٹ، ہاتھ سے تیار کیے جانے والے تمباکو، مخصوص اقسام کے تمباکو، الیکٹرانک سگریٹ، ان کے محلول اور جعلی اشیا ضبط کی گئیں۔ حکام کے مطابق ضبط شدہ سامان کی مجموعی مالیت 55 ہزار 500 پاؤنڈ ہے، جبکہ 19 ہزار 500 پاؤنڈ نقد رقم بھی تحویل میں لی گئی۔
پولیس نے کارروائی کے نتیجے میں ایک کاروباری مقام کو بند کرنے کے لیے عدالتی حکم بھی حاصل کیا ہے، جبکہ مزید کاروباری مقامات کی بندش کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
سرے پولیس کی اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل سارہ گراہم نے کہا کہ پولیس جرائم پیشہ سرگرمیوں کے خلاف کارروائی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے علاقوں میں مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع پولیس کو دیں۔
حکام کے مطابق برطانیہ میں منظم جرائم پیشہ گروہ نقد لین دین والے کاروباروں، خصوصاً الیکٹرانک سگریٹ کی دکانوں اور حجام کی دکانوں کو غیر قانونی رقم کو جائز کاروباری آمدن ظاہر کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ قومی جرائم ایجنسی کا اندازہ ہے کہ ایسے کاروباروں کے ذریعے ہر سال کم از کم ایک ارب پاؤنڈ کی مجرمانہ رقم کو قانونی کاروباری آمدن کے طور پر ظاہر کیا جاتا ہے۔

