سعودی عرب کے جیزان میں حوثیوں کا حملہ، 2 افراد زخمی

جیزان (سعودی سول ڈیفنس، عرب نیوز، ترکئیے ٹوڈے) سعودی عرب کے جنوبی علاقے جیزان کی الطوال گورنری میں یمنی حوثیوں کی جانب سے داغا گیا ایک میزائل نما گولہ گرنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔

سعودی سول ڈیفنس کے مطابق حوثیوں کی جانب سے داغے گئے گولے سے ایک مسجد، متعدد عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔

یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب یمن میں حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ فورسز کے درمیان لڑائی میں شدت آگئی ہے۔ رواں ہفتے سعودی حکام نے بتایا تھا کہ حوثیوں نے جازان، ابہا، خمیس مشیط اور نجران سمیت جنوبی علاقوں میں میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن میں مجموعی طور پر 73 شہری زخمی ہوئے تھے۔

دوسری جانب حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران یمن کے مختلف علاقوں پر 129 فضائی حملے کیے۔ حوثیوں کا کہنا ہے کہ سعودی حملوں کا جواب دیا جائے گا۔

یمن میں جاری تازہ لڑائی کے باعث باب المندب کی اہم بحری گزرگاہ کی سلامتی پر بھی تشویش بڑھ گئی ہے، جو عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے۔