ایپوہ (خبر ایجنسیاں) سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے امریکا کو 1-5 گول سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے گئے 32ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کے اس مقابلے میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ گرین شرٹس نے پہلے میچ میں کینیڈا کو بھی 1-5 گول سے ہرایا تھا۔
پاکستان کی جانب سے عبد الوحید اشرف رانا نے 18ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ 21ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر دوسرا گول کردیا۔
امریکی کھلاڑی سیکائی چراسیکا نے 31ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ 1-2 کردیا، تاہم پاکستان نے اگلے ہی منٹ میں محمد عماد کے گول کی بدولت برتری دوبارہ مستحکم کرلی۔پاکستان کی جانب سے ابوبکر محمود نے 46ویں منٹ میں چوتھا جبکہ حنان شاہد نے 58ویں منٹ میں پانچواں گول کرکے ٹیم کی کامیابی یقینی بنادی۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کی۔ گرین شرٹس اپنا اگلا میچ پیر کو آسٹریلیا جبکہ اس کے بعد منگل کو جنوبی کوریا کے خلاف کھیلیں گے۔واضح رہے کہ چھ ملکی ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے میں سرفہرست دو ٹیمیں 28 نومبر کو ہونے والے فائنل میں جگہ بنائیں گی۔

