اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بتایا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ذریعے ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی جو مسافروں کو ہوائی جہازوں سے ’بغیر وجہ‘ آف لوڈ کیے جانے کی جھوٹی اطلاعات پھیلا رہے تھے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ یہ جعلی اور گمراہ کن پوسٹس عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔ اگر کسی مسافر کے پاس درست اور مکمل سفری دستاویزات اور جائز سفر کی وجہ ہے، تو اسے آف لوڈ نہیں کیا جائے گا، البتہ وہ افراد جن کے پاس جعلی، نامکمل یا مشکوک دستاویزات ہوتی ہیں یا جن پر انسانی اسمگلنگ سے منسلک شبہات ہوں، انہیں آف لوڈ کیا جائے گا۔
متاثرہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ سفر کرتے وقت مکمل اور تصدیق شدہ دستاویزات کے ساتھ جائیں اور صرف معتبر ذرائع یا مستند ایجنٹس کے ذریعے ہی سفر کا بندوبست کریں۔

