دمشق(ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا پر حملہ کرنے والوں کو پہلے سے زیادہ سخت جواب ملے گا اور شامی حکومت امریکی کارروائیوں کی مکمل حمایت کر رہی ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ جنگ نے بتایا کہ امریکی فوج پر ہونے والے حملے کے جواب میں شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ شام میں داعش کے ٹھکانوں پر حملے جاری ہیں اور شامی حکومت نے ان کارروائیوں کی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وعدے کے مطابق جوابی حملے کیے جا رہے ہیں تاکہ امریکا پر حملہ کرنے والوں کو سخت ترین جواب دیا جا سکے۔
امریکی بحریہ کے ایڈمرل کے مطابق وسطی شام میں لڑاکا طیارے، حملہ آور ہیلی کاپٹر اور توپ خانے کی مدد سے داعش کے 70 مختلف اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔دوسری جانب شامی حکومت نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ داعش کے خلاف فوجی آپریشنز جاری رکھے گی۔

