شورکوٹ کے قریب ہزارہ ایکسپریس حادثے کا شکار، 2 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

شورکوٹ (نمائندہ خصوصی) کراچی سے راولپنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی 2 بوگیاں شورکوٹ کینٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئیں، تاہم حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے۔

ریلوے حکام کے مطابق حادثہ پیش آنے کے بعد اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریک بند کردیے گئے، جس کے باعث اس روٹ پر ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ ریلوے عملے نے فوری طور پر متاثرہ ٹریک کی بحالی کا کام شروع کردیا۔

حکام کا کہنا تھا کہ حادثے کے تقریباً 3 گھنٹے بعد ٹریک بحال کرکے ہزارہ ایکسپریس کو راولپنڈی کے لیے روانہ کردیا گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کسی مسافر کے زخمی ہونے یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حادثے کی وجوہات سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔