شکر ہے سرجری کے بعد اللّٰہ تعالیٰ نے دوبارہ پاؤں پر کھڑا کردیا ہے: ارشد ندیم

لاہور (اسپورٹس رپورٹر) — پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ اللّٰہ کے کرم سے سرجری کے بعد دوبارہ میدان میں واپس آیا ہوں اور اب میرا سارا فوکس ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ پر ہے۔

انگلینڈ میں کامیاب سرجری کے بعد ارشد ندیم نے لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں جیولین تھرو کی ٹریننگ کا آغاز کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ’’ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں میرا مقابلہ 17 اور 18 ستمبر کو ہوگا، دعا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ مجھے فٹ رکھے اور امید ہے کہ اچھا پرفارم کروں گا۔‘‘

گولڈ میڈلسٹ نے کہا کہ انجری کھیل کا لازمی حصہ ہے، لیکن خوشی ہے کہ سرجری کے بعد دوبارہ ٹریننگ شروع کر دی ہے۔ ’’کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ارشد بالکل ہی ان فٹ ہے، یہ درست نہیں۔ اللّٰہ کا شکر ہے کہ میں فٹ ہوں اور مقابلوں کے لیے تیار ہوں۔‘‘

انہوں نے تسلیم کیا کہ انجری کی وجہ سے چند بڑے مقابلے کھیلنے سے محروم رہنے کا دکھ ضرور ہے، تاہم امید ظاہر کی کہ ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے عزت سمیٹیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں