اسلام آباد (وزارت داخلہ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کی اور سابق وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی شہزاد اکبر اور یوٹیوبر عادل راجا کی حوالگی (ایکسٹریڈیشن) کے کاغذات ان کے حوالے کیے۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دونوں افراد پاکستان میں مطلوب ہیں اور انہیں فوری طور پر پاکستان منتقل کیا جانا چاہیے۔
ملاقات میں وفاقی سیکریٹری داخلہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ برطانوی ہائی کمشنر کو کاغذات کے علاوہ ان افراد کے خلاف شواہد بھی فراہم کیے گئے جن پر جعلی خبریں پھیلانے اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کے الزامات ہیں۔
شہزاد اکبر نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اُن کی تحریروں اور تبصروں کی وجہ سے حکومت نے انتقامی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں اور اُن کے خاندان کیخلاف حملے ہو چکے ہیں۔ عادل راجا کا کہنا تھا کہ ان پر الزامات بے بنیاد ہیں اور اُنہوں نے کوئی جرم نہیں کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت جعلی خبروں اور پروپیگنڈا پھیلانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرے گی اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جعلی خبروں کا سلسلہ ختم کیا جائے گا۔

