عمان(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کی ابھرتی ہوئی جوڈو اسٹار ملائیکہ نور نے عمان ایشین اوپن جوڈو چیمپین شپ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چاندی کا تمغہ اپنے نام کرلیا اور ملکی سطح پر ایک نئی تاریخ رقم کردی۔
لکی مروت سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ ملائیکہ نور نے 52 کلوگرام کیٹیگری کے سیمی فائنل میں میزبان اردن کی رانیم الجزازی کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ تاہم فائنل مقابلے میں سخت جدوجہد کے باوجود وہ معمولی فرق سے شکست کھا گئیں۔ملائیکہ نور نے ایشیائی سطح پر جوڈو کے مقابلوں میں سلور میڈل جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کیا، جو ملک کیلئےایک تاریخی لمحہ ہے۔
پاکستان جوڈو فیڈریشن کے صدر کرنل جنید عالم سمیت تمام اراکین نے اس کامیابی پر ملائیکہ نور کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ کامیابی پاکستان میں خواتین کھلاڑیوں کیلئےایک نئی راہ ہموار کرے گی۔یہ بھی قابل ذکر ہے کہ ملائیکہ نور گزشتہ سال تاجکستان کے شہر دوشنبے میں منعقدہ ورلڈ جونیئر جوڈو چیمپین شپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔

