پیرس (خبر ایجنسیاں)فرانس میں مہنگائی، حکومتی پالیسیوں اور پولیس کے مبینہ تشدد کے خلاف احتجاج پُرتشدد صورت اختیار کرگیا۔ شہر لیموج میں نقاب پوش مظاہرین نے 143 سال پرانے تاریخی ٹاؤن ہال کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں عمارت کی چھت گرگئی۔
فرانسیسی شہر مارسیلی میں مظاہرین سٹی ہال میں داخل ہوگئے، جہاں انہوں نے ایک مجسمہ الٹ دیا اور فرنیچر توڑ ڈالا۔ اسی طرح شہر لیل میں میئر کے دفتر میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔
دارالحکومت پیرس سمیت فرانس کے مختلف شہروں میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور پانی کی تیز دھاریں استعمال کیں۔فرانسیسی وزیرِاعظم کے مطابق ملک بھر میں احتجاج کے دوران 1200 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ڈیڑھ سو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
احتجاج کے دوران سرکاری عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان اور پولیس کی کارروائیوں کے بعد ملک میں امن و امان کی صورتِ حال سنگین ہوگئی۔ مظاہرین مہنگائی، حکومتی پالیسیوں اور پولیس کے مبینہ تشدد کے خلاف سڑکوں پر نکلے تھے۔

